نئی دہلی//اکتوبر میں نئی دہلی میں قائم پاکستانی سفارتخانہ کے اہلکار کو ملک بدر کرنے کے فیصلہ کو قومی سلامتی کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے حکومت ہند کا کہنا ہے کہ اس کا پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید کشیدہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔مرکزی وزیر مملکت برائے خارجہ وی کے سنگھ نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کیلئے پاکستان کی بھارت کے خلاف جاریہ سرحد پار دہشت گردی کی پالیسی اور دیگر ہند مخالف سرگرمیوں کی حمایت کرناذمہ دار ہے ۔یاد رہے کہ بھارت نے اکتوبر میں پاکستانی سفارتخانہ کے اہلکار محمود اختر کو ملک بدرکردیا تھا۔وی کے سنگھ نے کہا’’محمود اختر کو ناپسندیدہ شخص قرار دینے اور اس کو واپس پاکستان بھیجنے کا فیصلہ ملک کے وسیع تر قومی مفاد میں لیاگیا‘‘۔انہوں نے کہا’’حکومت کی قطعی یہ منشا نہیں ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مزیدگی کشیدگی لائی جائے جو پاکستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی اور دیگر ہند مخالف سرگرمیوںکی پشت پناہی کی وجہ سے کشیدہ ہوئے ہیں‘‘۔