نئی دہلی//وزارتِ داخلہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف دبئی میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا نے ایک خط کے ذریعے حکومت سے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کی اجازت مانگی تھی۔اس سلسلے میں انڈیا کے وزیرِ مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہر گنگا رام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'اس وقت جو صورت حال ہے اس میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنا ممکن نہیں۔'بی سی سی آئی نے وزارتِ داخلہ سے اس سیریز کی اجازت یہ کہہ کر طلب کی تھی کہ انڈین بورڈ آئی سی سی کے فیوچر ٹوئرز اینڈ پروگرام کے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہتا ہے۔رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ انڈین ٹیم پاکستان کے خلاف دبئی میں ستمبر سے نومبر کے درمیان کرکٹ سیریز کھیلنے کو تیار تھی۔ہنس راج اہر گنگا رام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'اس وقت جو صورت حال ہے اس میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنا ممکن نہیں۔'سنہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے نتیجے میں غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پاکستان اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلتا رہا ہے۔خیال رہے کہ نومبر سنہ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ کے رشتے منقطع ہوئے تھے جن کی بحالی دسمبر سنہ 2012 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دور انڈیا سے ہوئی تھی۔تاہم اس کے بعد تقریباً ساڑھے چار برس کے عرصے میں دونوں ممالک نے کسی دو طرفہ باہمی سیریز میں شرکت نہیں کی ہے۔