یو این آئی
لاہور/پاکستان کے سلامی بلے باز فخر زمان انجری کے سبب آئی سی سی چمپئینز ٹرافی 2025 سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ امام الحق کو ٹیم میں شامل کیاگیا ہے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں زخمی فخر زمان کی جگہ امام الحق کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ امام الحق نے پاکستان کے لیے آخری بار ایک روزہ بین الاقوامی میچ 2023 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ ایک ناکام ٹورنامنٹ کے بعد، وہ تقریباً دو سال تک منتخب نہیں ہوئے ، لیکن پھر ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنا کر دوبارہ مقابلے میں آنے کے لیے اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ ایکس پر جاری بیان میں فخر زمان نے لکھا کہ ‘سب سے بڑے اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ہر پاکستانی کرکٹر کیلئے ایک اعزاز اور خواب ہے ، مجھے فخرہے کہ مجھے بھی پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ’۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں زخمی فخر زمان کی جگہ امام الحق کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔پی سی بی کے مطابق فخر زمان کے متبادل کھلاڑی کی شمولیت آئی سی سی رولز کے مطابق کی جائے گی۔واضح رہے کہ فخر زمان گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران پہلے ہی اوور میں پٹھوں میں کھچاؤ کے باعث ان فٹ ہوگئے تھے ۔فخر زمان کو تکلیف کے باعث میدان سے باہر جانا پڑا تھا، کچھ دیر بعد وہ فیلڈنگ کے لیے واپس آئے تھے تاہم تکلیف کے باعث وہ میدان سے باہر چلے گئے تھے ۔فخر زمان ابتدائی اوورز میں فیلڈنگ کے دوران گراؤنڈ سے باہر جانے کے باعث آئی سی سی رولز کے تحت نیوزی لینڈ کے خلاف اوپننگ بھی نہیں کر سکے تھے ، جس کے باعث بابر اعظم نے سعود شکیل کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا۔فخر زمان نے کہا کہ‘بدقسمتی سے میں اب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہوں لیکن یقیناً اللہ بہترین منصوبہ ساز ہے ، میں گھر سے اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کروں گا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ’ یہ تو صرف آغاز ہے ، واپسی اس دھچکے سے زیادہ مضبوط ہوگی‘۔