لندن/انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیرمین ششانک منوہر نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔چیرمین آئی سی سی نے کہا کہ آج کا دن دنیائے کرکٹ کے لئے اچھا دن ہے کہ پاکستان ورلڈ الیون ٹیم کی میزبانی کر رہا ہے۔ششانک منوہر نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو اپنے ملک میں کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے کا موقع ملے گا اور وہ پرامید ہیں کہ پاکستان میں آج کا دن عالمی کرکٹ کی بحالی کا دن ہوگا۔چیئرمین آئی سی سی نے کہا کہ ورلڈ الیون اور آئی سی سی آفیشلز کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا اور اب وہاں معیاری کرکٹ کے لئے پرامید ہوں جب کہ پرجوش شائقین کرکٹ سے لطف اندوز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ عظیم قوم کی سرزمین پر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے یہ ہفتہ سنگ میل ثابت ہوگا۔خیال رہے کہ پاکستان میں 8 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے جارہی ہے اور نامور عالمی کرکٹرز پر مشتمل ورلڈ الیون کی ٹیم لاہور پہنچ چکی ہے۔پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کو 'آزادی کپ' کا نام دیا گیا ہے جس کا آغاز کل سے ہورہا ہے۔