عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے منگل کو کہا کہ پاکستان مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نوجوانوں کو نشے کی لت کا تحفہ دے رہا ہے جیسا کہ پڑوسی ملک نے عسکریت پسندی کے خاتمے پر پنجاب کے ساتھ کیا تھا۔یہ (منشیات کی سپلائی)سازش پاکستان کی ہے۔ پنجاب میں، پاکستان نے عسکریت پسندی کے خاتمے کے بعد منشیات متعارف کروائی تھیں۔ پولیس یہاں عسکریت پسندی کو ختم کر رہی ہے اور پاکستان جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بھی یہی تحفہ بھیج رہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ چوکنا رہیں اور اس سازش کو شکست دیں۔ سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ پولیس نے جموں و کشمیر میں منشیات کی دہشت گردی کے کاروبار کے خلاف سخت کارروائی کی ہے اور نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت 2,000 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ان معاملات میں ملوث 3,000 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیاہے۔ہمیں منشیات اور ہتھیاروں کی تجارت کے خلاف کامیابیاں ملی ہیں جو پاکستان سے چلائی جا رہی ہے۔
ہم نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ پہلی بار، اتنی بڑی تعداد میں گرفتاریاں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کی گئی ہیں، اس میں ملوث لوگوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے، اور منشیات کے دہشت گردی کے کاروبار کے ذریعے جمع کی گئی جائیدادوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ اور پولیس منشیات کے استعمال کا شکار ہونے والے نوجوانوں کی بحالی میں مدد کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔”میں بچوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اس لعنت سے بہت دور رہیں کیونکہ یہ معاشرے کے لیے مہلک اور نقصان دہ ہے۔ اس کے برے اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جائیں گے۔کشمیر میں غیر ملکی عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر سنگھ نے کہا کہ انہیں کافی حد تک بے اثر کر دیا گیا ہے۔ “گزشتہ سال، ان میں سے 40 مارے گئے تھے اور باقی کے ساتھ بھی نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کو کولگام ضلع میں لاپتہ فوجی جوان کے بارے میں سراغ ملے ہیں اور انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ فوجی کو تلاش کر لیا جائے گا۔