سرینگر/سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبد اللہ نے بدھ کو کہا کہ پاکستان نے نریندر مودی کی دوسری بار وزیر اعظم بننے کی حمایت کی ہے۔
عمر نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا''مودی صاحب ملک کو بتارہے تھے کہ پاکستان اور اس کے ہمدرد بھاجپا کی ہار چاہتے ہیں۔عمران خان نے ابھی اُن کی دوسری جیت کیلئے حمایت کی ہے۔''
اپنی ٹویٹ میں عمر نے دی ایکسپریس ٹریبیون میں شائع عمران خان کے بیان کاحوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے''الیکشن میں بھاجپا کی جیت سے ہند۔پاک مذاکرات کے امکانات بڑھ جائیں گے''۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ کانگریس سرکار بننے کی صورت میں کشمیر مسئلہ پر پیش رفت ممکن نہیں ہے کیونکہ کانگریس کو ہمیشہ دائیں بازو کی جماعتوں سے خوف کا سامنا رہے گا۔
اس سے قبل پاکستانی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اگر بھارت میں بھاجپا دوبارہ سرکار بناتی ہے تو تنازعات حل کرنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔