عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو کہا کہ اگر پاکستان مستقبل میں کوئی مہم جوئی کرتا ہے تو ہماری مسلح افواج اس ریاست کو تباہ کرنے کو یقینی بنائے گی۔ وہ جموں میں آل جموں و کشمیر جاٹ سبھا سے
خطاب کر رہے تھے۔اپنے خطاب میں، لیفٹیننٹ گورنر نے مسلح افواج کی بہادری پر روشنی ڈالی اور جموں و کشمیر کو ملی ٹینسی سے مکمل طور پر نجات دلانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ “پاکستان نوٹس پر ہے، اگر اس نے مستقبل میں کوئی مہم جوئی کی تو ہماری مسلح افواج اس کو تباہ کرنے کو یقینی بنائے گی، میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ مسلح ملی ٹینٹوں اور ان کے حامیوں اور ہمدردوں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں کیا جائے گا، ان کو بھی ایسی ہی سزا دی جائے گی”۔لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اپنے عزم کو مضبوط کریں اور امن اور سماجی تانے بانے کو خطرے میں ڈالنے والی تفرقہ انگیز طاقتوں کے خلاف جنگ میں متحد ہو جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں، قومی اتحاد کو برقرار رکھنے کی آپ کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ جاٹ برادری کی ایک قابل ذکر آبادی ہماری سرحدوں کے قریب رہتی ہے، جو انہیں ملک کی پہلی دفاعی لائن بناتی ہے، مجھے فخر ہے کہ مادر وطن سے آپ کی عقیدت نے معاشرے میں قوم پرستی کے جذبے کو گہرا کیا ہے‘‘ ۔لیفٹیننٹ گورنر نے پہلگام حملے کے متاثرین اور پاکستان کی طرف سے بلا اشتعال گولہ باری سے ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند متاثرہ خاندانوں کی مناسب بازآبادکاری کے لیے پرعزم ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تفرقہ انگیز عناصر کے خطرے کو تسلیم کیا جائے جو معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایل جی نے کہا”ہمیں دشمن کے مذموم عزائم کو شکست دینے کے لیے اپنے تنوع اور اتحاد کو فروغ دینا چاہیے، ہماری بہادر مسلح افواج نے ‘آپریشن سندور’ کے ذریعے بہادری کی ایک نئی داستان رقم کی ہے،’ اب یہ ہمارا مقدس کام ہے کہ ہم ایک متحدہ اور وکشت بھارت کے وژن کو حقیقت میں بدلیں اور اپنے بہادر قوم کے اس بہادر سپوت کو مناسب خراج تحسین پیش کریں‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کا جموں و کشمیر میں مساوات کے دور کے آغاز اور پسماندہ طبقوں کو بااختیار بنانے کے لیے شکریہ ادا کیا۔