عظمیٰ نیوز سروس
راولپنڈی// پاکستان میں موسلا دھار بارشوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 افراد ہلاک ہوئے، جون کے آخر میں مون سون کی آمد کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 180 ہو گئی، یہ بات سرکاری ڈیزاسٹر ایجنسی نے جمعرات کو بتائی۔ صوبہ پنجاب کے کئی علاقوں میں بدھ کی صبح سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، جس سے شہر سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں۔دارالحکومت اسلام آباد کے قریب راولپنڈی شہر سے گزرنے والی ندی کے قریب رہنے والے رہائشیوں کو پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کے بعد انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، پاکستان بھر میں 54 افراد ہلاک اور 227 زخمی ہوئے، جن میں سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد جمعرات کی صبح 8:00 بجے تک ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ 26 جون کو مون سون شروع ہونے کے بعد سے 70 بچوں سمیت تقریباً 180 افراد ہلاک اور 500 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ راولپنڈی حکومت نے جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں میں رہنے کو کہا ہے، جب کہ قومی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشیں جمعہ تک جاری رہیں گی۔حکومت نے کہا ہے کہ خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین ہنگامی صورت حال میں تین سے پانچ دن تک خوراک، پانی اور ضروری ادویات سے بھری ایمرجنسی کٹ رکھیں۔ 2022 میں مون سون کے سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا اور 1,700 افراد ہلاک ہوئے۔