عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر پولیس نے ضلع رام بن کے گول علاقے میں ممنوعہ گروپ حزب المجاہدین کے5 کارندوں کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ۔پانچ ملی ٹینٹ سراج دین(48)سنگلدان، ریاض احمد (45) ڈلواہ، فاروق احمد(46)بنج بھیمداسا، محمد اشرف (50)اور مشتاق احمد (47)موئیلا ،پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںمقیم ہیں اور وہاں سے آپریشن کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ان اثاثوں کو ملی ٹینسی سرگرمیوں کی مالی معاونت کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔گول کے علاقے کے ان پانچ ملی ٹینٹوں کی غیر منقولہ جائیدادوں کی ضبطی ملی ٹینسی کی مالی معاونت کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور خطے میں ملی ٹینسی کی بحالی کو روکنے کے لیے ایک فیصلہ کن قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “یہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے سرگرم دہشت گردوں کو ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ جموں اور کشمیر میں دہشت گردی کو بحال کرنے کی ان کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا”۔پولیس کے مطابق، پانچ ملی ٹینٹ ہتھیاروں کی تربیت حاصل کرنے اور ہندوستان میں عسکریت پسندانہ سرگرمیاں انجام دینے کے لیے پی او جے کے پار گئے۔ترجمان نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں اپنی غیر منقولہ جائیدادوں کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ حاصل ہونے والی رقم کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مالی اعانت اور مقامی نوجوانوں کو عسکریت پسندی کی طرف راغب کریں۔