یو این آئی
پونچھ//جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کو سرحدی ضلع پونچھ میںملی ٹینسی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی نیت سے متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ حکام نے بتایاکہ تقریباً ڈیڑھ درجن مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن میں زیادہ تر زیر زمین کارکنوں کے گھروں اور پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیرسے کام کرنے والے ملی ٹینٹوں کے رشتہ دارشامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران کئی الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے۔تاہم، سینئر افسران کی قیادت میں ٹیموں کے ذریعے کیے گئے آپریشن کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ادھر لائن آف کنٹرول کےسائوجیاںسیکٹر ضلع پونچھ میں فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز نے اتوار کو بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی ۔ یہ کارروائی ممکنہ دراندازی کی کوششوں یا مشکوک نقل و حرکت کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد عمل میں لائی گئی ۔ چمبڑ کناری، جو لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع ایک حساس علاقہ ہے ، میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع کے بعد فوج، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر فورسز نے مشترکہ طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔ سرچ آپریشن میں جدید آلات، سنفر ڈاگز، اور ڈرونز کی مدد بھی لی جا رہی ہے ۔