نئی دہلی// پاکستان سمیت کئی ممالک کے کرکٹ کھلاڑیوں اور مختلف ہائے شعبہ کی اہم شخصیات نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کو شادی کی مبارک باد دی ہے۔ وراٹ اور انوشکا شرما دونوں پیر کی رات اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔ شادی کی تقریب میں دونوں کے قریبی رشتہ دار اور دوست ہی شامل ہوئے۔ ممبئی میں 26 دسمبر کو اب دونوں کی شادی کی استقبالیہ تقریب منعقد کی جائے گی جہاں ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں اور بالی وڈ ستاروں کے شرکت کرنے کی امید ہے ۔ انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی نے پیر کو شادی کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم نے ایک دوسرے سے ہمیشہ محبت کے بندھن میں بندھنے کا وعدہ کیا۔ہم اس خبر کو آپ لوگوں کے ساتھ شئیر کرتے ہیں۔یہ خوبصورت دن ہمارے پرستار اور بہی خواہوں کے اہل خانہ کی محبت اور تعاون سے اور خاص ہو جائے گا۔ہمارے سفر کے اہم حصہ بننے کے لئے شکریہ۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے دونوں کو شادی مبارک دی ہے ۔اس کے علاوہ ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے مبارکباد دیتے ہوئے لکھاکہ ورشکا '(وراٹ اور انوشکا کے نام کا مرکب) ایک ساتھ حیرت انگیز نظر آتے ہیں۔ہربھجن سنگھ نے لکھاکہ "جگ-جگ جئے یہ خوبصورت جوڑي رب ہمیشہ خوش رکھے ۔ وراٹ کو انگلینڈ کی اس خاتون کرکٹر نے بھی مبارک باد دی ہے جنہوں نے کبھی وراٹ کو شادی کی تجویز دی تھی۔انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی ڈینیل ویٹ نے تقریبا تین سال پہلے وراٹ کو شادی کی تجویز دی تھی۔لیکن اب انہوں نے شادی کی مبارک باد دی ہے ۔ویٹ نے ٹوئٹر پر لکھا"وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما مبارک ہو۔" ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ٹویٹ کر کہا، "آپ دونوں کو مبارک ہو۔آپ بہت پیارے اور خوش لگ رہے ہو۔ آپ دونوں کو پوری دنیا کی نعمتیں حاصل ہوں ۔ "اس کے علاوہ سابق بی سی سی آئی صدر انوراگ ٹھاکر پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی، فاسٹ بولر محمد عامر، کوچ اظہر محمود اور پہلوان گیتا پھوگاٹ نے وراٹ اور انوشکا کو شادی کی مبارک باد دی۔ انوشکا شرما کی ڈیبو فلم 'رب نے بنا دی جوڑی' میں ساتھی فنکار شاہ رخ خان نے ٹویٹ کر کہا، "اب یہ ہوئی حقیقی رب نے بنا دی جوڑی۔انوشکا اور وراٹ کو میرا پیار۔
خدا آپ کو زندگی بھر خوش اور صحت مند رکھے ۔" بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے ٹویٹ کیا، "زندگی کے سب سے اہم دن کے لئے مبارکباد اور نیک خواہشات۔ہمیشہ خوش اور ساتھ رہو۔"بالی وڈ کے 'شاٹ گن' شتروگھن سنہا نے وراٹ انوشکا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کی جوڑی بہت ماہرانہ ہے اور وہ ایک دوسرے کے لئے بنے ہیں۔انہیں مبارک ہو اور خدا انہیں ہمیشہ خوش رکھے ۔وراٹ کو پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ٹویٹ کیا، "وراٹ اور انوشکا کو شادی کی کومبارکباد۔ خدا آپ دونوں کو خوش رکھے۔
" سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ وراٹ اور انوشکا کو زندگی کی نئی اننگز کے لیے نیک خواہشات۔کرکٹر شکھر دھون، اداکارہ سری دیوی بونی کپور، شاہد کپور وغیرہ نے بھی وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کو شادی کی کومبارکباد دی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹ کھلاڑی وراٹ کوہلی نے شادی کرکے اپنے تمام مداحوں کو حیران کردیا تھا ۔ان دونوں نے اٹلی کے معروف شہر 'ملان' میں سادہ اور نجی تقریب کے دوران شادی کی۔ انوشکا شرما اور کوہلی رواں ماہ ہندوستان سے اٹلی کے لیے روانہ ہوئے جس کے بعد ملان میں ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا۔خیال رہے کہ دونوں نے ٹوئٹر پر ایک ہی جملے کو شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 'آج ہم نے ایک دوسرے سے وعدہ کیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ محبت کے ساتھ رہیں گے اور ہمیں یہ خبر سب کے ساتھ شیئر کرنے میں خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ آج کے خوش نصیب دن ہم ہمیشہ کے لیے ایک ہوگئے ۔شادی کے علاوہ ان دونوں کی منگنی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔ منگنی کے دوران انوشکا شرما نے ہندوستانی ڈیزائنر سبیاسچی کی ڈیزائنر کردہ سرخ رنگ کی ساڑھی زیب تن کی جسے ویلوٹ کے کپڑے سے تیار کیا گیا تھا۔ ویڈیوز میں دکھایا گیا کے انوشکا اور وراٹ نے ایک دوسرے کو منگنی کی انگوٹھی پہنائی، لیکن کیا آپ جانتے ہیں جو انگوٹھی وراٹ نے انوشکا کو منگنی کے موقع پر پہنائی اسے تلاش کرنے میں انہیں 3 ماہ کا وقت لگا۔اس انگوٹھی کو آسڑیا کے ایک ڈیزائنر نے تیار کیا، جس کی مالیت ایک کروڑ ہندوستانی روپے ہے ۔ منگنی کے بعد ان دونوں کی مہندی کی رسم رکھی گئی، اس دوران انوشکا شرما اور کوہلی دونوں ہی نہایت خوبصورت رنگوں کے جوڑوں میں نظر آئے ۔ان کی مہندی کی تصاویر بھی انسٹاگرام پر خوب وائرل ہوئیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ انوشکا نے اس دوران بھی ڈیزائنر سبیاسچی کا خوبصورت لہنگا پہنا۔ ڈیزائنر کے مطابق انوشکا شرما چاہتی تھی کے ان کا مہندی کا جوڑا خوبصورت رنگوں سے تیار کیا جائے اور انہیں لباس میں موجود گلابی رنگ بے حد پسند آیا۔ اور آخر میں انوشکا شرما اور کوہلی کی شادی کی تقریب رکھی گئی، اس دوران ہر دلہے کی طرح وراٹ شیروانی میں ملبوس رہے جبکہ انوشکا شرما نے سبیاسچی ڈیزائنر کا خوبصورت لہنگا پہنا۔یو این آئی