اسلام آباد //وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مضبوط دفاع کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور دیگر ممالک بالخصوص اپنے ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس نے ہمیشہ یہ پالیسی اختیار کی ہے کہ دیگر ممالک ، خاص طور پر ہمسائیوں کیساتھ بہتر تعلقات استوار کئے جائیں۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان کبھی بھی دوستی کا ہاتھ بڑھانے میں ہچکچاہٹ نہیں کرے گا اور جتنی اچھائی اسے ملے گی وہ اسکا دوگنا واپس کرے گا۔تاہم انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اسکی کمزوری نہ سمجھا جائے،بلکہ ہم ملک کی سالمیت اور آزادی کو ہر قیمت پر دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ادھر سشما سوراج کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستانی وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کرنے کااعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کرکے مقدمہ چلایا گیا اور اس میں کوئی خلاف ضابطہ بات نہیں تھی۔خواجہ آصف نے ارکان سینیٹ کو بتایا کہ کلبھوشن یادیو کا مقدمہ تین مہینے تک جاری رہا۔وزیر دفاع نے کہا کہ کلبھوشن یادیو 60 روز کے اندر اندر اپیل کرسکتا ہے اس کے علاوہ وہ چیف آف آرمی اسٹاف اور صدر پاکستان سے بھی رحم کی اپیل کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’سوچا سمجھا قتل آج بھی وادی کشمیر میں ہورہا ہے جہاں دو دن میں 12 بچوں کو جاں بحق کیا گیا، سوچا سمجھا قتل عام گجرات میں کیا گیا تھا، سوچا سمجھا قتل سمجھوتہ ایکسپریس میں کیا گیا، پاکستان کسی سوچے سمجھے قتل میں ملوث نہیں ہے‘۔وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت آج بھی پاکستان کی سالمیت کے خلاف برسر پیکار ہے اور مشرقی سرحد پر براہ راست اور مغربی سرحد پر پراکسی کے ذریعے پاکستان کے خلاف برسرپیکار ہے۔