کراچی/پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔مہمان سری لنکن ٹیم سیریز کے دو میچز ابوظہبی اور تیسرا اور آخری میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی۔پاکستانی وقت کے مطابق سیریز کا پہلا میچ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔16 رکنی پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، احمد شہزاد، بابراعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر امین، عامر یامین، فہیم اشرف، عماد وسیم، رومان رئیس، محمد عامر، حسن علی، محمد نواز، شاداب خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔ پاک سری لنکن کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 26, دوسرا 27، تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 29 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔دریں اثناقذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران میڈیا سمیت کسی کو بھی ڈرون کیمرے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق فیصلہ سیکیورٹی اداروں کی ہدایت پر کیا گیا ہے، فضا سے دکھائے جانے والے مناظر سے شرپسند عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں،اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم،نشتر پارک اور اطراف میں ڈرون کیمروں کے استعمال کی ممانعت کردی گئی،اس ضمن میں باقاعدہ سرکلر بدھ کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔