بیجنگ //مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کےلئے مفاہمتی راہ تلاش کرنے پر زور دےتے ہوئے چین نے کہا ہے کہ امید ہے پاکستان اوربھارت مذاکرات کے ذریعے دوطرفہ تعلقات میں بہتری لائیں گے۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچننگ نے کہا کہ دونوں ممالک میں خوشگوار،دوستانہ اور بہتر تعلقات نہ صرف ہندو پاک کے مفاد میں ہے بلکہ خطے میں امن وسلامتی اور اقتصادی ترقی کی ضمانت بھی ہے۔چین نے ہند پاک پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی مسائل کے حل کےلئے پرامن مذاکرات کی راہ تلاش کرکے آگے بڑھیں گے ۔ وزارت خارجہ ترجمان کاکہناہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں چین کے اہم ہمسایہ اور جنوبی ایشیا کے اہم ملک ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ چین ’شنگھائی تعاون تنظیم‘ میں پاکستان اور بھارت کی جلد مکمل رکنیت کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملک تنظیم کے دوسرے ارکان کےساتھ مل کرخطے کی سلامتی،استحکام،ترقی اورخوشحالی کےلئے کام کرسکتے ہیں۔