مانچسٹر/ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھوٹے فارمیٹ کا بڑا مقابلہ منگل کے روز ہوگا۔ ڈے نائٹ میچ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ مانچسٹر میں ہی پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے میدان لگے گا۔دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے پلان بھی فائنل کر لیا گیا ہے۔ میزبان انگلش کھلاڑیوں کی سیریز جیتنے پر نظریں ہیں جبکہ شاہینوں نے بھی کم بیک کا دعویٰ کر دیا ہے۔پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار محمد عامر کی جگہ لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو نمائندگی مل سکتی ہے۔ کپتان بابر اعظم کے بعد بیٹنگ کوچ یونس خان نے بھی شکست کا بدلہ چکانے کاعزم ظاہر کر دیا ہے۔ٹیسٹ سیریز کی ہار کے بعد ٹی ٹونٹی کا آخری میچ جیتنا پاکستانی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ دورہ انگلینڈ کو جیت پر ختم کرنے کا خواب پورا ہوگا یا نہیں؟ کرکٹ دیوانوں کی نظریں جم گئی ہیں۔دریں اثنا انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے زیادہ 69 رنز بنانے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے میچ نہ جیتنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک میچ میں کامیابی نہ ملے مزہ نہیں آتا۔ میچ کے بعد اپنے ایک پیغام میں محمد حفیظ نے کہا کہ آپ وہ پرفارمنس دیں جس سے میچ جیتنا چاہیے ، پچ کو دیکھتے ہوئے ہم نے 175 رنز بنانے کا سوچا تھا لیکن پھر بھی ہم نے 195 رنز بنائے ، بہت زیادہ مایوسی ہے کہ ہم لوگ میچ نہیں جیت سکے ۔محمد حفیظ نے مزید کہا کہ ہم لوگ 2 ماہ سے انگلینڈ میں ہیں، تیاریاں بھی مکمل تھیں لیکن بدقسمتی سے ہم نہیں جیت سکے اور جب تک آپ نہ جیتیں تب تک مزہ نہیں آتا، اگلا میچ جیتنے کی کوشش کریں گے ۔