سرینگر/حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے بدھ کو کہا کہ کشمیری طالب علموں کو پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے کالجوں میں داخلے سے روکنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے۔
ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ کشمیری طالب علموں کے تعلیمی کیریئر کے ساتھ سیاست کھیلنے سے اجتناب کرے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ''غیر دانشمندانہ حکمنامے'' کو واپس لیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ تعلیم کو سیاست زدہ بنانے کے مترادف ہے اور اس سے طالب علموں کے اس حق کی خلاف ورزی ہورہی ہے کہ وہ دنیا میں کہیں بھی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔
میرواعظ کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے اُن طالب علموں کا کیریئر دائو پر لگ گیا ہے جو پہلے ہی پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں زیر تعلیم ہیں۔