گاندربل//گاندربل کے مقامی نوجوانوں کوپاکستانی کرکٹ ٹیم کی وردی پہن کر پاکستانی قومی ترانہ گانا مہنگا پڑاہے اور پولیس نے 11کھلاڑیوں سمیت 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔کھلاڑیوں سے پوچھ تاچھ کرنے کیلئے قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) کی ایک ٹیم بھی سرینگر پہنچ گئی ہے۔ژنروسن گاندربل میں ضلع سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہورہا تھا جس کا اتوار2 اپریل کو کوارٹر فائنل کھیلا گیا۔کوارٹر فائنل کھلہ مولہ اور ژنر کی مقامی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہوا جس کے لئے باضابطہ طور پر لاوڈا سپیکر پر کمنٹری بھی نشر کرنے کے انتظامات کئے گئے تھے۔میچ شروع ہونے سے قبل دونوں کرکٹ ٹیموں کو میدان پر کھڑا کرکے لاوڈ اسپیکر پر پاکستانی قومی ترانہ گایا گیا جس کیلئے موبائل فونوں سے ریکارڈنگ کرکے اسے سوشل نیٹ ورک فیس بک پر شیئرکیا گیا۔چار دن کے بعد مرکزی و ریاستی تحقیقاتی ایجنسیوں نے اس کا سنجیدہ نوٹس لیا اور پولیس نے کھلہ مولہ کی کرکٹ ٹیم، جنہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی وردی پہن کر پاکستانی قومی ترانہ گایا تھا،کے11 کھلاڑیوں سمیت ٹورنامنٹ کے تین رکنی آرگنائزر گرفتار کرلئے۔جن کھلاڑیوں کو گرفتار کیا گیا، ان میں عارف احمد خان،ابرار احمد، عادل مقبول،عادل احمد،مدثر احمد،سمیر احمد، شاہد احمد،سہیل احمد،سجاد احمد،محمد رمضان،سہیل احمد ساکنان کھلہ مولہ گاندربل شامل ہیں۔ادھر کنگن تھانے سے وابستہ اہلکاروں نے ٹورنامنٹ کے آرگنائزر ظہور احمد،مظفر احمد، اور ہلال احمد ساکنان ڑنر وسن گاندربل کو گرفتار کر لیا معاملے کی نسبت کنگن پولیس تھانے میں کیس زیر نمبر 17/2017 Un law full act درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ گرفتار کئے گئے افراد کو صدر تھانہ گاندربل منتقل کرلیا گیا ہے۔ ادھر باوثوق ذرائع کے مطابق مرکزی تحقیقاتی ایجنسی NIA کویہ معاملہ سپرد کردیا گیا ہے ۔تفتیشی ایجنسی کی ایک ٹیم گاندربل آرہی ہے جو کھلاڑیوں سے پوچھ تاچھ کرے گی۔