لاہور//انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آئندہ برس کے لیے موسمِ گرما کے دوران انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیموں کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان بھی انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیموں میں شامل ہے۔ای سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم آئندہ برس مئی میں انگلینڈ کا مختصر دورہ کرے گی جہاں وہ میزبان انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 24 مئی 2018 سے لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم جون 2018 سے ایمرالڈ ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔ای سی بی ویب سائٹ کے مطابق بورڈ کے سی ای او کا کہنا ہے کہ تیز کرکٹ کے اس دور میں بھی انگلینڈ اور ویلز میں ٹیسٹ میچوں کے حوالے سے پسندیدگی ابھی بھی موجود ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ برس 7 ہوم ٹیسٹ میچوں میں شائقین کی بڑی تعداد میدانوں کا رخ کرے گی۔پاکستان کے بعد اسکاٹ لینڈ، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں بھی انگلینڈ کا دورہ کریں گی۔اسکاٹ لینڈ اپنے دورے کے دوران صرف ایک ون ڈے میچ کھیلے گی جبکہ آسٹریلوی ٹیم اپنے دورے کے دوران میزبان انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔آسٹریلیا کے بعد بھارت 3 ماہ طویل انگلینڈ کا دورہ کرے گا جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز، 3 ایک روزہ میچز اور 5 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ برس بھی پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جہاں اس نے 4 ٹیسٹ میچز کی سریر 2-2 سے برابر کی تھی، جس کے بعد پاکستان نے پہلی مرتبہ ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔