نوشہرہ //پاکستانی فضائیہ کے دو لڑاکا طیاروں نے اس سال دوسری مرتبہ بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین منٹ تک بھارتی حدود میں رہنے کے بعد واپسی اختیار کرلی ۔ذرائع نے بتایاکہ پاکستانی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے منگل کی سہ پہر 2بج کر 23منٹ پر پیر بڈیشور علاقے سے بھارتی حدود کے اندر داخل ہوئے اور پوکھرنی، ونڈموہڑہ، جھنگڑ و سریا وغیرہ علاقوں کے اوپر سے گزرتے ہوئے 2بج کر 26منٹ پر واپس پاکستانی انتظام کشمیر روانہ ہوگئے ۔ ان دونوں طیاروں کی آواز سے مذکورہ علاقوں کے لوگ اپنے گھروں کے اندر چلے گئے اور علاقے میں دہشت پھیل گئی ۔قابل ذکر ہے کہ پاکستانی فضائیہ کے دو طیاروں نے مئی کے مہینے میں بھی اسی طرح سے فضائی خلاف ورزی کی تھی ۔ سیکورٹی ایجنسیوں نے منگل کے روز کی گئی فضائی خلاف ورزی کی تصدیق کی ہے تاہم فوج کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیاگیا ۔