اسلام آباد // پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ وہ ملک کی سیول حکومت کی حمایت کریگی تاکہ بھارت کیساتھ بات چیت کے ذریعے معاملات حل کئے جاسکیں۔پاکستانی فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی سینٹ میں ملک کی سیکورٹی صورتحال اور سرحدوں سے متعلق معاملات کی جانکاری دی۔5گھنٹے تک ان کیمرہ اجلاس میں بھارت کیساتھ موجودہ پر تنائو صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک کی کوئی بھی حکومت جو بھی فیصلہ سازی کرتی ہے فوج مکمل طور پر اسکی تائید کرے گی۔اجلاس کے دوران فوجی سربراہ نے بھارت کیساتھ امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا’’ ہم بھارت کیساتھ معاملات پر امن بات چیت کے ذریعے حل کرسکتے ہیں نہ کہ جنگ سے،اگر موجودہ صورتحال میں حکومت یہ فیصلہ کرتی ہے کہ بھارت کیساتھ بات چیت کرنی ہے تو فوج حکومت کی حمایت کرے گی‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ میری فوج ہمسائیوں کیساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کی حامی ہے‘‘۔انکا کہنا تھا’’پاکستانی فوج بھارت اور افغانستان کیساتھ اچھے تعلقات کی حامی ہے‘‘۔سینٹ اجلاس میں باجوہ کا کہنا تھا’’جنگ سے مسائل الجھتے ہیں ،انکا حل نہیں نکلتا،اگر واقعی بھارت اور پاکستان میں یہ خواہش ہے کہ مسائل کا حل بات چیت میں پوشیدہ ہے تو جنگ کے بجائے امن کو موقع فراہم کیا جانا چاہیے اور اس کے لئے پاکستانی فوج ہر اس قدام کی حمایت کرے گی جو اس ضمن میں اٹھایا جائے‘‘۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی فوج ہر محاذ پر تیار ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق ملک کی ہر ایک انچ کا دفاع کررہی ہے،اس حوالے سے بھی کسی غلط فہمی میں کسی کو نہیں رہنا چاہیے۔