جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی ضلع راجوری کے کنڈی گلہوتہ علاقے میں پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کے دوران ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت رشدہ بی زوجہ منشی خان کے طور پر ہوئی ہے، جو کہ کنڈی گلہوتہ کی رہائشی تھیں۔مقامی ذرائع کے مطابق،صبح تقریباً سات بجے پاکستانی فوج کی طرف سے اچانک شدید فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے دوران ایک مارٹر شیل رشدہ بی کے گھر کے بالکل سامنے آ کر گرا۔ شیل کے دھماکے سے وہ موقعے پر ہی شدید زخمی ہو گئیں اور ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے حکام کو اطلاع دی، اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ پولیس کی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ علاقے میں شدید خوف و ہراس کا ماحول ہے اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔انتظامیہ نے جاں بحق خاتون کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ممکنہ امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔یہ واقعہ ایک بار پھر سرحدی علاقوں میں رہنے والے معصوم شہریوں کی جانوں کو لاحق خطرات کی نشاندہی کرتا ہے۔