سمت بھارگو
پونچھ//پاکستانی شیلنگ میں والد کو کھونے والی پونچھ کی گیارہویں جماعت کی طالبہ جپنییت کور کے لئے معروف بالی وڈ اداکار اور پدم شری ایوارڈ یافتہ نانا پاٹیکر امید کا سہارا بن گئے ہیں۔ جذبات سے لبریز اس اقدام میں نانا پاٹیکر نے اس بچی کی پوری تعلیم کی ذمہ داری اپنے سر لے لی ہے۔جپنییت کور کے والد امرک سنگھ آٹھ مئی کو آپریشن سندور کے دوران ہونے والی سرحد پار شیلنگ میں شہید ہو گئے تھے۔ اچانک پیش آنے والے اس حادثے نے پورے خاندان کی زندگی بدل دی۔ غم کے انہی لمحوں میں نانا پاٹیکر نے آگے بڑھ کر اس یتیم بچی کو سہارا دیا۔نانا پاٹیکر نے خاندان کو یقین دلایا کہ جب تک جپنییت پڑھنا چاہے گی، وہ ذاتی طور پر اس کی تعلیم کا خرچ برداشت کریں گے۔ اس موقع پر آنکھوں میں آنسو لئے انہوں نے کہاکہ’’میں اس کے والد کی کمی تو پوری نہیں کر سکتا، لیکن میں اس کا دادا، اس کا نانا بن کر ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہوں گا‘‘۔موقع پر موجود لوگوں کے مطابق یہ منظر نہایت درد انگیز تھا جب نانا پاٹیکر نے جپنییت کا ہاتھ تھام کر اسے حوصلہ دیا۔ بچی اور اس کی والدہ کے لئے یہ صرف مالی مدد نہیں بلکہ یہ احساس بھی تھا کہ وہ اکیلی نہیں ہیں۔سرحدی علاقے کے لوگوں نے اس جذبہ انسانیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں یہ عمل انسانیت اور اخلاقی قدروں کی زندہ مثال ہے۔ نانا پاٹیکر کا یہ وعدہ نہ صرف ایک یتیم بچی کے خوابوں کو نئی اْڑان دے گا بلکہ پورے خطے میں ایک مضبوط پیغام بھی پہنچائے گا کہ مشکل گھڑی میں انسانیت سب سے بڑی طاقت ہے۔