سمیت بھارگو +عشرت بٹ
راجوری+پونچھ// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں حالیہ پاکستانی گولہ باری کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ میں سے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو جامع معاوضہ دیا جائے گا۔
راجوری
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو راجوری میں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا ‘میں نے اپنی آنکھوں سے گولہ باری سے ہوئی تباہی دیکھی، یہاں کے لوگوں سے ملا اور انتظامیہ کے افسروں کے ساتھ میٹنگ کی’۔ان کا کہنا تھا ‘متاثرین کو امداد بہم پہنچائی گئی اور زخمیوں، جن کی حالت بہتر ہے ، کو مفت علاج کرایا گیا’۔منوج سنہا نے کہا ‘آج یہ بڑا فیصلہ لیا گیا کہ جموں وکشمیر میں حالیہ گولہ باری سے جتنے جاں بحق ہوئے ، جنہوں نے جانیں گنوائی ، ان کے اہلخانہ میں سے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے گی’۔انہوں نے کہا ‘کئی گھروں کو نقصان ہوا ہے ، اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے ان کی باز آباد کاری کے لئے بھارت سرکار سے ایک پیکیج منظور کر وایا جائے گا’۔بنکروں کے بارے میں ان کا کہنا تھا ‘بنکروں کی تعمیر کی ضرورت بھی محسوس کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ‘۔
پونچھ
لیفٹیننٹ گورنر نے بدھ کے روز ہی پاکستان کی سرحد سے متصل پونچھ ضلع میں حالیہ گولہ باری کے متاثرین کے گھروں کا دورہ کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مکمل بحالی کا وعدہ کیا۔متاثرہ خاندانوں سے بات کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ جانوں کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے ، تاہم حکومت کی جانب سے مرنے والوں کے لواحقین کو زیادہ سے زیادہ مالی امداد فراہم کی گئی ہے اور زخمیوں کو بروقت علاج فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا، ‘اگرچہ کسی بھی معاوضے سے انسانی جان کا نعم البدل ممکن نہیں، مگر ہم نے اپنی جانب سے ہر ممکن امداد فراہم کی ہے ، زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے ، ہم نے ان علاقوں میں بنکر اور دیگر حفاظتی ڈھانچے کی ضرورت کا جائزہ بھی لیا ہے ، جس پر سیکورٹی فنڈز کے تحت ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔’ایل جی نے مزید کہا کہ انتظامیہ ایک جامع بحالی منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔ ایل جی نے بھارتی فوج کی بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا‘پاکستان کی حالیہ اشتعال انگیزیکا بھرپور جواب دیا گیا۔ بھارتی فوج نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کا کوئی بھی عسکری مرکز ہماری پہنچ سے باہر نہیں،حملے کے صرف تین دن بعد ہی پاکستان نے بین الاقوامی مداخلت کی فریاد شروع کر دی تھی۔’ایل جی نے کہا کہ بھارت امن کا حامی ملک ہے ، لیکن اگر دوبارہ اشتعال انگیزی کی گئی تو جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’متاثرہ کنبوں کی مناسب باز آبادکاری میری اوّلین ترجیح ہے،وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں جموں و کشمیر کی اِنتظامیہ بارڈر ائیریاز میں بہتر بنیادی ڈھانچے اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔‘‘ اُنہوں نے اَپنے دورے کے دوران گوردوارہ ڈیرہ سنت پورہ ننگلی صاحب پر حاضری دی اور مقامی شہریوں سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنرنے پونچھ کے لوگوں، سول سوسائٹی اور تمام کمیونٹیوں کی ہمت اور سماجی ہم آہنگی کو سراہا۔منوج سِنہا نے کہا، ’’پاکستان نے گوردوارہ ڈیرہ سنت پورہ ننگلی صاحب، ایک مندر اور مسجد پر فائرنگ اور شدید گولہ باری کر کے اَپنی بزدلی دکھائی ہے۔ اِن مقدس مقامات کو نشانہ بنا کر پاکستان نے ہمارے سماجی تانے بانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ۔