سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کے ڈھانگری بلاک کے گنی گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں، پاکستان کی جانب سے داغا گیا مشتبہ میزائل آ گرا، جو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے تقریباً 40 کلومیٹر دور واقع ہے۔اس میزائل دھماکے سے علاقے میں زبردست تباہی ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور ان کا بیٹا زخمی ہو گئے۔ دونوں کو تشویشناک حالت میں جموں و کشمیر سے باہر کے ایک ہسپتال میں علاج کیلئے منتقل کیا گیا ہے۔زخمیوں کی شناخت 45 سالہ انجوبالا زوجہ کشمیر سنگھ اور 23 سالہ ساحل سنوال کے طور پر کی گئی ہے۔یہ واقعہ 10مئی کی صبح کے وقت پیش آیا، جب ایل او سی اور سرحدی علاقوں میں گولہ باری جاری تھی۔مقامی لوگوں کے مطابق’’یہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ راجوری شہر سے 25کلومیٹر اور ایل او سی سے 45 کلومیٹر دور واقع اس دور دراز گاؤں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی‘‘۔دھماکے سے 200 میٹر سے زائد علاقے میں نقصان ہوا، کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔مقامی باشندے، جن میں دلیپ کمار بھی شامل ہیں، نے بتایا کہ ’’یہ واقعہ آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہے، میزائل دھماکے کے اثرات اب بھی واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں‘۔درختوں کا اکھڑ جانا، ان کا آدھا کٹ جانا اور گھروں کا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ حملہ کتنا خطرناک تھا۔یہ واقعہ نہ صرف سرحدی علاقوں میں رہنے والے عام شہریوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کو اجاگر کرتا ہے بلکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیتا ہے۔