کولکتہ میں بھارت اتحاد ریلی سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا خطاب
کولکتہ //نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ہر جگہ قتل کیا جارہا ہے،اور یہ کہا جارہا ہے کہ یہ پاکستانی ہیں، غدار ہیں۔کولکتہ میں بھاجپا کیخلاف اپوزیشن کی’بھارت اتحاد‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا’’وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے کہ بی جے پی کو ختم کیا جائے اور اسکے لئے لازمی ہے کہ الیکشن مشترکہ طور پر لڑے جائیں‘‘۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا’’ جموں و کشمیر کی طرف دیکھیں،اس ریاست کو کس صورتحال کی نہج پر پہنچایا گیا،لوگوں کو ہر جگہ مارا جارہا ہے،اور ان پر پاکستانی ہونے کی لیبل لگا کر انہیں غدار کہا جاتا ہے‘‘۔لاکھوں لوگوں کی ریلی سے خطاب میں انہوں نے کہا’’لوگوں کو علاقائی اور مذہب کی بنیاد پرتقسیم کیا جارہا ہے،70سال کے بعد بھارت کو ایک اور چیلنج کا سامنا ہے،لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا’’ شمال مشرقی ریاستوں میں آگ پھیلائی جارہی ہے(انکا اشارہ سٹیزن شپ ترمیمی بل کی طرف تھا)،اگر آپ ملک کو بچانا چاہتے ہیں، سبھی کو کچھ نہ کچھ قربانی دینی پڑے گی،ہم سب کو ملک بچانے کیلئے متحدہونا پڑے گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’ میں مسلمان ہوں،لیکن ہندوستان کا حصہ ہوں،ہر ایک کشمیری چاہے جموں کا ہو یا لداخ کا،بھارت کیساتھ ہی رہنا چاہتے ہیں،پچھلے 4برسوں میں مرکز کی موجودہ سرکار نے ہر طرف مشکلات ہی پیدا کیں‘‘۔انہوں نے کہا ’’بھارت کو صرف فوج اور ائر فورس سے ہی مضبوط نہیں کیا جاسکتا، اسکے لئے لوگوں کے دل مضبوط ہونے چاہیے‘‘۔انہوں نے کہا’’ یہ جو ووٹنگ مشین ہیں یہ چور مشین ہے،اپوزیشن لیڈروں کو الیکشن کمیشن کے پاس جاکر انہیں تبدیل کر کے بیلٹ پیپر کا استعمال کرنے کی مانگ کرنی چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کے پاس جانا چاہیے، صدر جمہوریہ سے ملنا چاہیے، بیلٹ پیپرس کی مانگ کرنی چاہیے۔ڈاکٹر فاروق نے کہا’’ اس سال ہم مرکز میں ایسی نئی سرکار چاہتے ہیں، جو اداروں کیساتھ کسی قسم کا چھیڑ چھاڑ نہ کرے تاکہ ہمیں مل جل کر رہنے کا موقعہ ملے‘‘۔