اسلام آباد//پاکستان الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے آج اعلان کیا کہ اب تک جن 251 نشستوں کے لئے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے ان میں سے عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 110 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ یہ اطلاع میڈیا نے دی۔ تاہم عمران خان کو حکومت سازی کے لئے دوسری پارٹیوں کی مدد حاصل کرنی ہوگی۔ قومی اسمبلی مجموعی طور پر 272 نشستوں پر مشتمل ہے اور حکومت سازی کے لئے کسی پارٹی کو 137 نشستوں کی ضرورت ہوگی۔ عمران خاں کے براہ راست حریف اور دنوں جیل میں بند سابق وزیراعظم نواز شریف کی پارٹی پی ایم ایل ۔این نے 63 نشستیں جیتی ہیں جبکہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بیٹے بلاول بھٹو کی زیرقیادت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو 42 نشستوں پر کامیابی ملی ہے ۔ ابھی 21 انتخابی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔ اگرچہ عمران خان قومی اسمبلی میں واضح اکثریت یعنی 137 نشستوں سے دور نظر آتے ہیں لیکن جس طرح ان کی پارٹی غیرمتوقع طور پر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انہیں چھوٹی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کوئی خاص دشواری نہیں ہوگی ۔دریں اثناپاکستان کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرنے پر کرکٹ اور فلمی شخصیات نے کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان کو اس تاریخی جیت پر مبارکباد دی ہے ۔ عمران خان کا پاکستان کا وزیراعظم بننا تقریباً طے ہے ۔ اس کامیابی پر کئی کھلاڑیوں نے ٹویٹ کرکے انہیں مبارکباد دی ہے ۔ ہندوستان کے سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے ٹویٹ کرکے کہا کہ عمران نے اعلی مقام حاصل کرنے کے لئے جس ہدف کا تعین کیا تھا بالآخر اسے حاصل کرلیا۔ میرے کرکٹ کے ہیرو عمران کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔ اداکار جاوید جعفری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان کو مبارکباد۔ آپ ایک عظیم کھلاڑی اور محنت کش سماجی خدمتگار رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ ایک سنجیدہ اوربہترین وزیراعظم ثابت ہوں گے جس سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ ہند۔ پاک تعلقات بھی بہتر ہوں گے ۔ دعا اور نیک خواہشات۔ مشہور اداکار رشی کپور نے بھی ٹویٹ کرکے کہا کہ' بڑھیا کہا عمران خان آپ نے ، جو ہندوستان۔ پاکستان کے بارے میں اب کہا ہے ، وہی بات میں گزشتہ دو دنوں سے سبھی چینلوں پر کہہ رہا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے ملک اور میرے ملک کے درمیان اچھے رشتے بنا پائیں۔ واضح رہے کہ رشی کپور کی فلم 'ملک ' تین اگست کو ریلیز ہورہی ہے ۔ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک تاریخی جیت کے لئے عمران خان اور پی ٹی آئی کو مبارکباد۔ 22 سال کی جدو جہد کا آج بہترین نتیجہ برآمد ہوا ہے ۔ پاکستان کو آپ سے کافی امیدیں ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ آگے بڑھ کر ہماری قیادت کریں گے ۔ میں میڈیا اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ نتائج کو تسلیم کریں اور پاکستان کی تعمیر میں تعاون دیں۔یو این آئی