عاصف بٹ
کشتواڑ//جمعہ کی شام کشتواڑ ضلع کے دورافتادہ علاقہ پاڈر میں رونماہوئے سڑک حادثے میں تین افراد جانں بحق ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب پاڈر کے انگائی نالے کے قریب پیش آیا جب ایک مہیندا کی پیک اپ گاڑی زیر نمبر JK17۔8554ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس میں سوار تینوں افراد کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد پولیس کی ٹیم کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کردیاگیا جنھوں نے سبھی افراد کی نعشوں کو نکالا۔انکی پہچان امن کمار، سکھن چین ساکنان اپر شواس اور پاپو ساکن اپر تھم کے طور ہوئی ۔نعشوں کو سب ضلع ہسپتال پاڈر منتقل کیا گیا جہاں قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد نعشوں کو آخری رسومات کیلئے ورثا کو سونپا جائےگا۔ادھرجموں کے بڑی برہمنا علاقے میں ایک ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام ایک ٹریلر ٹرک بڑی برہمنا کے قریب بے قابو ہو کر ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا۔حادثے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے ساتھ بیٹھا شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی کو علاج کے لیے میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔ہلاک شخص کی شناخت اجے سمبیال ولد نانک سنگھ ساکن کرائل بشناہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت سمتھ جموال ولد اپندر سنگھ ساکن سچانی کے طور پر کی گئی ہے۔دریں اثنا، پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔