سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاڈر کشتواڑ میں ریاستی اسمبلی کی طرف سے تشکیل دی گئی ایک کمیٹی کی سفارشات کے برعکس نیلم کی کانوں کو کان کنی کیلئے بیرون ریاست کے لوگوں کو دینے پر تشویش کااظہار کیا۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عاشق احمد نے کہا کہ یہ ریاست کے کاروباریوں کے حقوق پر صریحاً شب خون ہے جو پہلے ہی یہاں کے نامساعد حالات کی مار جھیل رہے ہیں ۔ایک بیان میں چیمبرکے جوائینٹ سیکریٹری جنرل شیخ گوہر علی نے ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک سے اس معاملے میں ذاتی مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی اس سلسلے میں متعدد سفارشات،رپورٹ اور ایس آر او ہیں ،جن سے مقامی صنعت کاروں کے حقوق کاتحفظ ہوتا ہے۔