عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان نے کل ضلع بھر میںدھان کے جاری فصل سیزن کے لئے آبپاشی کی صورتحال اور پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ضلع میں موجود تمام 48 بڑی نہروں اور آبپاشی نظاموں میں پانی کی دستیابی، نہروں کے ہیڈ پوائنٹس، کمانڈ ائیریا کی صورتحال اور آبپاشی کوریج کے موجودہ حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے آبپاشی، دیہی ترقی، ریونیو اور مائننگ محکموں کے افسران کو اَپنے اَپنے علاقوں میں فیلڈ پر دستیاب رہنے اور مسائل کو بروقت حل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ چوبیس گھنٹے کنٹرول روم کو فعال کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی شکایت یا مسئلے پر فوری کارروائی کی جاسکے ۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ کوئی بھی ملازم ضلع اِنتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر ہیڈکوارٹر نہیں چھوڑے گا۔ایگزیکٹیو اِنجینئراری گیشن کو خصوصی ہدایت دی گئی کہ وہ تحصیل داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں تاکہ ضلع کے آخری سرے پر واقع نندی نہر سے متعلق مسائل کو حل کیا جا سکے۔