محمد تسکین
بانہال// رام بن کے گاندھری علاقے میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول گاندھری کے طالبہ اور طالبات نے سکول میں پینے کے پانی کی قلت کو لیکر احتجاجی مظاہرے کئے اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ رام بن کے خلاف نعرے بلند کئے ۔ احتجاج پر آمادہ طلاب نے رام بن ۔ گاندھری ۔ کبھی سڑک پر دھرنا دیکر مقامی ٹریفک کو کچھ وقت تک بند کر دیا۔ مقامی لوگوںاور طالب علموں نے فون پر بتایا کہ جل جیون مشن کے تحت ہائیر سیکنڈری سکول گاندھری کیلئے مخصوص قدرتی چشموں سے آنے والی پانی کی سپلائی کو کاٹ دیا ہے اور اس پانی کو کاٹ کر کسی اور کو فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہائیر سیکنڈری سکول گاندھری میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے اس سب سے بڑے تعلیمی ادارے میں پانچ سو کے قریب طلبہ اور طالبات زیر تعلیم ہیں اور پینے کے پانی کی قلت کی وجہ سے طالب علموں اور سٹاف ممبران کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری اور محکمہ جل شکتی کے حکام سے اپیل کی کہ وہ ہائیر سیکنڈری سکول گاندھری کیلئے مخصوص پانی کے چشموں سے پانی کی سپلائی کو بحال کریں تاکہ سکول میں پینے کے پانی کی قلت نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کے معاملے میں ہائیر سیکنڈری سکول پر کسی اور کو ترجیح دینا ان کی سمجھ سے بالاتر ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کی جانی چاہئے کہ کیونکر سکول کو آنے والا چشموں کا پانی بند کرکے کسی اور کو دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای ڈویژن رام بن سے کوشش کے باوجود رابطہ ممکن نہیں ہو سکا تاکہ اس معاملے پر ان کا موقف جانا جا سکتا ۔