سوپور// سوپور کے امرگڑھ علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بدھ کو پانی کی قلت کے خلاف سرینگر سوپور شاہراہ پر دھرنا دیا جس کے نتیجے میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حرکت مسدود ہوکررہ گئی۔ دھرنا میں شامل خواتین اور بچوں نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرہ بازی کی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ مقامی لوگوں کی جانب سے ٹریفک کی نقل وحمل کو بند کئے جانے کے بعد مقامی پولیس نے مداخلت کرکے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور انہیں فوراًحل کیا جائے گا۔ اس دوران ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای نے کہا کہ پرانی ترسیلی پائپ لائن کی وجہ سے مقامی لوگ مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور طے شدہ شیڈول کے مطابق پانی حاصل نہیں کرپا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا پریشر بھی کافی حدتک کم ہے تاہم انہوں نے کہا کہ محکمہ پانی کی پائپوں کو تبدیل کرکے لوگوں کو راحت پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔