سرینگر//پانی کی عدم دستیابی کے خلاف کرسوراجباغ بنڈ پر جمعہ کو مرد زن نے سڑک پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنا دے کر کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمد ورفت کو مسدود کر دیا۔ مظاہرہ کر رہی خواتین کا کہنا تھا کہ علاقہ کے لوگ گذشتہ ایک ہفتے سے پانی کیلئے ترس رہے ہیں اور محکمہ پی ایچ ای پانی فراہم کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوا ہے ۔احتجاجی خواتین نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے اگرچہ علاقے کیلئے پانی کے ٹینکر فراہم کئے جاتے ہیں تاہم یہ پانی وسیع آبادی کیلئے ناکافی ہوتا ہے ۔ مظاہرین نے کئی گھنٹوں تک کرسو راجباغ بنڈ پر رکاوٹیں کھڑا کر کے گاڑیوں کی آمد ورفت کو مسدود کر دیا اور محکمہ کے خلاف نعرہ بازی کی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ راجباغ اولین پاش کالونی راجباغ ،کرسو،پتی کرسواوردیگرمضافاتی بستیوں میں پچھلے کئی ہفتوں سے پینے کے پانی کی شدیدقلت پائی جاتی ہے ،جسکے نتیجے میں متاثرہ کالونیوں اوربستیوں میں رہنے والے لوگوں کوسخت مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے ۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے کئی مرتبہ محکمہ کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا لیکن پانی فراہم کرنے میں لیت ولعال سے کام لیا جا رہا ہے ۔بعد میں محکمہ پی ایچ ای اور پولیس نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ دو دنوں کے اند راند ر علاقے کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا جس کے بعداحتجاجی خواتین منتشر ہوئیں ۔