عاصف بٹ
کشتواڑ// قصبہ کشتواڑ کے مضافاتی علاقہ کلید و لچھ خازانہ کی عوام نے پانی کی شدید قلت کے خلاف کلید چوک میں جمع ہوکر زبردست احتجاج کیا ۔ انھوں نے کلید چوک کے قریب جمع ہوکر علاقہ میں پانی کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکامی پر محکمہ جل شکتی و سرکار کے خلاف نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرین نے الزام لگایا کہ محکمہ کے ملازمین پانی کے ٹینکر اور کنکشن فراہم کرنے کے لیے رقم کا مطالبہ کرتے ہیں جس سے غریب عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کے حوضوں کی فراہمی بھی متاثر رہتی ہے کیونکہ محکمہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہتا ہے۔ احتجاج میں شامل معمر معذور خاتون نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹینکروں سے پانی لانے سے قاصر ہے اور گھر میں اس کی مدد کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے التجا کی کہ نل کے پانی کی فراہمی کی جائے تاکہ لوگوں کو بنیادی ضروریات کے لیے جدوجہد نہ کرنا پڑے۔ منیشور شرما نے بتایا کہ محکمہ کی نااہلی وسرکار کی عدم توجہی کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے اور لوگ سڑک پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ انھوں نے انتظامیہ سے فوری طور عوام کو پانی فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔بعد ازاں سول انتظامیہ، ایس ایچ او کشتواڑ و جل شکتی محکمہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے جنھوں نے مظاہرین کو پرامن کیا اور انہیں یقین دلایا کہ جلد ہی پانی کی مناسب فراہمی بحال کر دی جائے گی۔ احتجاج کے دوران کشتواڑ سنتھن و پاڈر سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت عارضی طور معطل رہی جو احتجاج ختم ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی۔ بعد دوپہر محکمہ نے کی پانی کے ٹینکروں کے ذریعے عوام کو پانی کو سپلائی کیا جس سے عوام نے راحت کی سانس لی ۔