راجوری // راجوری قصبہ میں موسم گرما سے قبل ہی پینے کی پانی کی عدم دستیابی سے عوام سخت پریشان حال ہے ۔ ضلع میںکئی مقامات پر لوگ اکثر پینے کے پانی کی عدم فراہمی کو لیکر احتجاج کررہے ہیں ۔جمعہ کو وارڈ نمبر دو کے لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف جم کر نعرہ بازی کرتے ہوئے ڈاک بنگلہ کے نزدیک دھرنا دیا۔ یہ دھرنا لگ بھگ دو گھنٹے تک جاری رہا جس دوران مرد و خواتین نے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی اور لاپرواہی کا الزام لگایا۔ان کاالزام تھا کہ محکمہ کی طرف سے پچھلے ایک ہفتہ سے پینے کا پانی فراہم نہیں کیا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کو اگر پانی کی عدم دستیابی کے متعلق بتایا بھی جائے تو سن کر ان سنی کردی جاتی ہے ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ وہ محکمہ کی غیر سنجیدہ روش کی وجہ سے احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ بعد میں محکمہ کے جونیئر انجینئر موقعہ پر پہنچے جنہوں نے فوری طورپانی سپلائی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔