جموں//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے اتوار کو صوبائی انتظامیہ جموں کی طرف سے گرمائی مہینوں کے دوران عوا م کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ میں نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اور وزیر مملکت شیام چودھری بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے اہم اوقات کے دوران بجلی کی بلاجواز کٹوتی کی رِپورٹوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بجلی کو بجلی سپلائی میں معقولیت لانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے محکمہ کو بجلی سپلائی کے بارے میں مشتہر شیڈول پر من و عن عمل کرنے کی ہدایت دی اور کسی بھی ٹرانسفارمر کے خراب ہونے پر نیا ٹرانسفارمر فوری طور نصب کرنے کے احکامات دئیے۔محبوبہ مفتی نے محکمہ صحتِ عامہ کو پینے کے پانی کی سپلائی کے عمل میں معقولیت لانے اور پانی کی قلت والے علاقوں میں پانی کے ٹینکر دستیاب کرانے کے احکامات دئیے۔وزیر اعلیٰ نے کشمیری پنڈت مائیگرنٹ کیمپوں واقع پرکھو، مشری والا، جگتی اور دیگر مقامات پر پانی اور بجلی سپلائی کی دستیابی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوںنے صوبائی انتظامیہ کو پانی کی قلت کی صورت مائیگرنٹ کیمپوں میں پانی کے ٹینکر دستیاب کرانے اور مائیگرنٹ کیمپوں میں بجلی سپلائی کی فراہمی میں معقولیت لانے کے احکامات دئیے۔محبوبہ مفتی نے سرمائی چھٹیوں کے بعد کھلنے والے سکولوں میں پانی اور بجلی سپلائی کی معقولیت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر جموں ایم کے بھنڈاری ، کمشنر سیکریٹری بجلی دھیرج گپتا ، سیکرٹری صحت عامہ سوربھ بھگت ، ڈپٹی کمشنر جموں راجیو رنجن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔