سرینگر//جنگلات و ماحولیات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے کہا ہے کہ کنڈی زال گاؤں میں رہایش پذیر تمام کنبوں کو ہاؤسنگ فار آل سکیم کے دائرے میں لایا جائے گا۔اس بات کا اظہار وزیر نے مختلف میونسپل کمیٹیوں کے کام کاج کا جائیزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر موصوف نے یوایل بی محکمہ سے کہا کہ وہ اس حوالہ سے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کر کے پروجیکٹ پر کام شروع کریں۔وزیر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ پانپور میں8 پارکیں تعمیر کرنے کے کام جلد از جلد ہاتھ میں لیں۔انہوں نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے تمام پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کریں۔میر ظہور نے کھریو میں ایک پبلک پارک اور شیلٹر شیڈ قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی والی موجودہ حکومت ریاست کی تمام میونسپل کمیٹیوں میں بنیادی سہولیات کو بڑھاوا دینے کی طرف خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور گلی کوچوں کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ قصبوں کو جاذب نظر بنانے کی جانب سے بھی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے رقومات کے مکمل اور منصفانہ تصرف کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر یو ایل بی کشمیر ریاض احمد کے علاوہ کئی دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔