سرےنگر//تحریک حریت لیڈروں راجہ معراج الدین، الطاف احمد شاہ، رمیز راجہ اور شمیم کی قیادت میں منی گام گاندربل اور عبدالحمید ماگرے اور عمر عادل ڈار کی قیادت میں پانتہ چھوک میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ ان احتجاجی مظاہروں سے راجہ معراج الدین، عبدالحمید ماگرے اور عمر عادل ڈار نے خطابات کئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جموں کشمیر کے عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے اور گزشتہ 70سال سے بھارت اور بھارت نواز سیاست دانوں نے جبری قبضہ کو دوام بخشنے اور اقتدار کو مضبوط کرنے کے لیے بڑی بے دردی سے عوام کا خون بہایا، حالانکہ یہاں کے عوام نے بھارت کی بالادستی کو کبھی قبول نہیں کیا۔ یہاں کے لوگ تسلسل کے ساتھ بھارت کی غلامی سے آزاد ہونے کے لیے جانی اور مالی قربانیاں دے رہے ہیں، مگر بھارت ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے، کیونکہ بھارت طاقت کے نشے میں بدمست ہوکر آزادی کی تحریک کو کچلنے کے تمام تر منصوبوں کو عملا چکا ہے، مگر اللہ کے فضل سے بھارت کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا بھارت سے آزادی حاصل کرنا ہمارا حق ہے اور ہم اس حق کو حاصل کرنے کے لیے وعدہ بند ہیں۔