سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے پانتہ چھوک میں دریائے جہلم پر ایک فٹ برج تعمیر کرنے کے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھا۔ اس پل کی تعمیر نبارڈ کے تحت 4.16کروڑ روپے کی لاگت سے عمل میں لائی جائے گی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ دارالحکومت شہرمیں کئی ایسے علاقے ہیں جنہیں پچھلی حکومتوں نے مکمل طور پر نظر انداز کیا تھالیکن موجودہ حکومت ریاست کے ہر ایک حصے کو یکساں ترقی دینے کی وعد ہ بند ہے ۔اب تک اس علاقے کے لوگوں کو دریا کو پار کرنے کے لئے کشتیوں کا استعمال کرنا پڑتا تھا ۔وزیر نے کہا کہ یہ پُل سمربُگ ، سویۂ ٹینگ کو شاہراہ کے ساتھ جوڑ دے گا۔ایم ایل اے سونہ وار محمد اشرف میر ، چیف انجینئر آر اینڈ بی و دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔بعد میں وزیر نے لوگوں کے کئی وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔ وزیر نے موقعہ پر ہی ان کے مسائل کا ازالہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔