سرینگر// سرینگر میں48گھنٹوں میں فورسز پر جنگجوئوں نے تیسرا حملہ کرتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پرناز کالونی پانتھہ چوک میں سی آر پی ایف قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ5زخمی ہوئے جن میں سے2کی حالات تشویشناک ہے۔ وادی میں2پارلیمانی نشستوں پر ضمنی انتخابات سے قبل ہی عسکری کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ گزشتہ3دنوں کے دوران عسکریت پسندوں نے سرینگر میں فوج،پولیس اور سی آر پی ایف ایف پر3حملے کئے جن میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ20زخمی ہوئے ہیں۔ سرینگر جموں شاہراہ پر زیون کراسنگ کے قریب ناز کالونی پانتھہ چوک میں بعد از دوپہر جنگجوئوں نے الیکشن ڈیوٹی کیلئے آرہے اضافی فورسز عملے کی کانوائے کو نشانہ بنایا۔ جنگجوئوں نے سی آر پی ایف کانوائے پر خود کار ہتھیاروںسے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شاہراہ پر خوف وہراس اور افراتفری کا ماحول پیدا ہوا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ سی آر پی ایف ترجمان بھویش چودھری نے بتایا کہ اس حملے میں6 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سرینگر میں فوج کے92بیس اسپتال بادامی باغ پہنچایا گیا۔بھویش چودھری نے بتایا کہ اس کانوائے میں97بٹالین سے وابستہ اہلکار سوار تھے جو الیکشن ڈیوٹی کیلئے نیم فوجی دستوں کی اضافی کمپنیوں پر مشتمل کمک کے بطور بیرون ریاست سے سرینگر وارد ہورہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا۔پولیس اور فورسز کی مزید کمک وہاں نمودار ہوئی اورگرد و نواح کے علاقوں کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی جس کے دوران سرینگر جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک دوشیزہ زینب ساکن گالندر پانپورکے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے ۔ پولیس نے تلاشی کارروائی کے دوران جائے وقوع سے ایک موٹر سائیکل بر آمد کرلیا ہے جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ غالباً اسی پر سوار ہوکر جنگجو آئے تھے۔شام دیر گئے زخمی سی آر پی ایف اہلکاروں میں ایک اہلکار ہیڈ کانسٹبل بسپا ہلاک ہوا۔سی آر پی ایف ترجمان راجیش یاد ونے اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہیڈ کانسٹبل بسپا زخمیوں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔انہوں نے مزید کہا کہ حملے میں زخمی ہوئے مزید2 اہلکاروں کی حالت نازک ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔