سرینگر// پانتھ چھوک اور رام بن میں سڑک حادثات کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 3افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ سوپور میں ٹرین کی زد میں آکر ایک شہری جان گنوا بیٹھا۔ سوموار کو پانتھ چھوک میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں ایک تیز رفتار گاڑی نے محکمہ ٹریفک سے وابستہ اہلکار منظور احمد ساکن زیون کو دوران ڈیوٹی ٹکر مار کر بری طرح زخمی کردیا۔ خون میں لت پت لوگوں نے منظور احمد کو فوری طور پر صدر ہسپتال پہنچایا تاہم وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ ادھرہائیگام سوپور میں سوموارکی دوپہر42سالہ غلام محمدراتھرولدعلی محمدساکنہ چیک ہائیگام گھرکے نزدیک سے گزرنے والی ریلوے لائن کوعبورکررہا تھا کہ اس دوران ریل نے اسے کچل ڈالاجسکے نتیجے میں اس کی موقعہ پرہی موت واقع ہوگئی۔ پولیس تھانہ تارزئوسوپورنے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ اس دوران اتوار اور سوموار کی درمیانی شب ادھمپور سے سرینگر کی طرف آرہاایک ٹینکر زیر نمبر JK02AU-4895مہر رام بن کے نزدیک حادثہ کا شکار ہوکر گہری کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں محمد حنیف خان ولد عبدالعزیز اور کنڈیکٹر محمد اقبال ساکنان کوکرناگ موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔ پولیس نے دونوں نعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر الگ الگ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔