سرینگر/پولیس نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ سرینگر پولیس نے بد نام زمانہ منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے 2.5کلو گرام چرس برآمد کرکے ضبط کیا۔
بیان کے مطابق پانتھ چوک پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران مظفر احمد مسگر ولد عبدالرشید مسگر ساکنہ کھنموہ کو روک کر اس کی جامہ تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے 2.5کلو گرام چرس برآمد ہوا۔ پولیس ٹیم نے موقع پر ہی منشیات فروش کو حراست میں لے کر اس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 32/2019کے تحت پولیس اسٹیشن پانتھ چوک میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
پولیس بیان کے مطابق سرینگر پولیس نے ایک اورمنشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ایک کلو گرام چرس برآمد کرکے ضبط کیا۔ سرینگر پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران گاڑی میں موجود بیگ سے ایک کلو گرام چرس برآمد ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے موقع پر ہی گاڑی میں سوار خورشید احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکنہ تل کھن بجبہارہ نامی منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لاکر اس کے خلاف پولیس اسٹیشن صورہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا ہے کہ گرفتار شخص کافی عرصہ سے شہر سرینگر کے نوجوانوں میں نشیلی اشیافروخت کیا کر تا تھا۔