جموں //دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق نے سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے کئی بلاکوں کا اچانک دورہ کر کے دیہی ترقی محکمہ کے اہتمام سے سوچھتا ہفتے کے تحت ریاست بھر میں جاری پالی تھین مخالف مہم کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران وزیر موصوف نے اس سلسلے میں مختلف محکموں کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا ۔ وزیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس مہم پر کڑی نگاہ رکھیں تا کہ پالیتھین کے استعمال پر مکمل پابندی عاید کرائی جا سکے ۔ وزیر کو بتایا گیا کہ پالیتھین مخالف مہم کے دوران بڑی تعداد میں پالیتھین ضبط کر کے قصور واروں سے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔ وجے پور کے بغلا دمھور علاقے میں وزیر موصوف نے پنچائت سیکرٹری اور انچارج پنچائت بلاک کو اپنے فرایض کی انجام دہی میں کوتاہی برتنے پر اُن کی معطلی کے احکامات دئیے جبکہ انہیں بی ڈی او وجے پور کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ وزیر موصوف نے اے سی ڈی سانبہ ، ڈی پی او سانبہ ، ایگزیکٹر انجنیئر آر ای ڈبلیو سانبہ ، اے ای ای سب ڈویژن کٹھوعہ ، انچارج بی ڈی او برنوٹی ، ایم پی ڈبلیو پنچایت چک بھگوانہ ، جی آر ایس پنچائت بغلہ دمھور سے بھی مہم کی عمل آوری میں کوتاہی برتنے پر وضاحت طلب کی ۔ دریں اثنا وزیر نے اے سی ڈی کٹھوعہ اور دیگر افسران کو اس مہم میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاست میں پالیتھین کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کیلئے سخت اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پالیتھین کے داخلے پر نگاہ رکھنے کیلئے لکھن پور میں نگرانی بڑھا دی جائے گی ۔ وزیر نے کہا کہ پالیتھین کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے عمل میں کوتائی برتنے والے افسروں کے خلاف کڑی کاروائی کی جائے گی ۔