جموں //دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان نے جموں کے مختلف بلاکوں کا دورہ کر کے پالتھین مخالف مہم کی صورتحال کا برسر موقعہ جائزہ لیا۔وزیر نے بلاک نگروٹہ کا اچانک دورہ کر کے متعلقہ افسروں اور مقامی لوگوں سے مہم کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوںنے مہم کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کو جاری رکھنے پر زور دیا۔وزیر کو بتایا گیا کہ مہم کے دوران اب تک 40کلوگرام پالتھین جمع کیا گیا اور قصورواروں سے 700 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ بی ڈی او نگروٹہ نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ مقامی ٹریڈ یونین نے اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ عبدالحق خان نے نگروٹہ کی تاجر برادری کی اس قدم کیلئے ستائش کی۔ بعد میں وزیر نے ڈنسال بلاک کا دورہ کر کے پالتھین مخالف مہم کا جائزہ لیا۔ وزیر نے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برتنے پر ڈنسال کے پنچایت سیکرٹری کو معطل کرنے کے احکامات دئیے۔ وزیر موصوف نے ڈنسال کے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اور دومیل کے پنچایت سیکرٹری سے پالتھین مخالف مہم میں تساہل پسندی برتنے پر وضاحت طلب کی۔عبدالحق نے کہا کہ حکومت نے پالتھین کے خلاف ایک جنگ چھیڑی ہے اور اس کو اہداف کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ اگلے قدم کے طور ریاست میں پالتھین پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔دیہی ترقی کے وزیر کہ وہ اس مہم کی از خود نگرائی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے اس سلسلے میں ٹویٹر پر #polythenFreeJK ہیش ٹیگ پر جانکاری بھی دستیاب رکھی ہے۔وزیرنے کہا کہ پالتھین کے بے جا استعمال نے وادی میں ماحولیات کی آلودگی میں اضافہ کیا ہے۔انہوںنے کہ پالتھین لفافوں کو آبی ذخائرمیں ضائع کرنے سے کئی آبی جانوروں موت واقع ہوتی ہے۔