سرینگر//وادی میں جھلسا دینے والی گرمی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے اور پچھلے ایک ہفتے سے گری کی شدت میں اضافی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے 20اگست تک گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صرف 12اور 13اگست کو ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں ۔وادی میں گرمی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شہر سرینگر میں بدھ کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح قاضی گنڈ میں 30.8، پہلگام میں 28.5کپوارہ میں 33.4،کوکرناگ میں 30.2،گلمرگ میں 21.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر میں پچھلے اتوار یعنی 6اگست کو اس موسم کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے اس دن یہاں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.7ڈگری سلسیش تھا ۔انہوں نے کہا کہ 20اگست کے بعد کسی حد تک گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو گئی ،انہوں نے مزید کہا کہ 12اور 13اگست کو وادی کے کئی ایک علاقوں میں ہلکی بارشیں بھی ہو سکتی ہیں ۔