عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر نے جمعرات کو شدید گرمی کے پچھلے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے کیونکہ یہاں مئی کے مہینے میں اب تک کا تیسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت 34.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں جمعرات کے روز اس موسم کا سب سے زیادہ دن کا درجہ حرارت 34.3 ڈگری درج کیا گیا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سرینگرسٹیشن نے6دہائیوں میں مئی کے مہینے میں دن کا تیسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا ہے۔ سابقہ ریکارڈ 34.3 ڈگری سیلسیس تھا جو 28 مئی 1971 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 24مئی 1968کو 36.4ڈگری درج کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدت کی گرمی کی لہر آئندہ 4روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 26مئی تک بیشتر علاقوں میں گرمی برقرار رہے گی اور 27مئی کے بعداس میں راحت محسوس کی جائیگی۔ادھرگرمی کی لہر دیکھتے ہوئے سکولوں کے نئے اوقات کار مقرر کئے گئے ہیں۔ سرینگر میونسپل حدود کے تحت آنے والے سکول صبح 8:30 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک کام کریں گے۔ڈائریکٹوریٹ سکول ایجوکیشن کشمیر کے مطابق سرینگر اور کشمیر صوبے کے دیگر اضلاع کی میونسپل حدود سے باہر آنے والے سکول صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کام کریں گے۔