سرینگر// شہر کے پارمپورہ علاقے میں سرکوں کی ناگفتہ بہہ حالت سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پارمپورہ میں بائی پاس کے نزدیک ناتھ محلہ میں گزشتہ کئی برسوں سے سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی اور انتظامیہ خواب غفلت کا شکار ہو چکی ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ معمولی بارشوں کی وجہ سے یہ سڑک جھیل کا رخ اختیار کرتی ہے اور لوگوں بالخصوص بزرگوں اور بچوں کا عبور و مرور مشکل ہی نہیں ناممکن بن جاتا ہے۔علاقے کے ایک شہری ڈاکٹر ارشد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سڑکوں پر نہ صرف عبور ومرور مشکل ہے بلکہ گاڑیوں کی نقل و حمل بھی ناممکن بن چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ کئی بار اعلیٰ حکام بشمول تعمیرات عامہ محکمہ کی نوٹس میں بھی لایا گیاتاہم ان کے مشکلات کا ازالہ نہ ہوسکا۔مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ10برسوں سے وہ انتظامی دفتروں کا طواف کر رہے ہیںتاہم آج تک سڑک کی مرمت نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ گزشتہ برس محکمہ نے سڑک کے گڑھوں کی معمولی مرمت کی تھی تاہم بارشوں کی وجہ سے ایک بار پھر سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن گئے ۔مقامی لوگوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ از خود اس علاقے کادورہ کرکے سڑکوں کی ابتر صورتحال کا جائزہ لیں ۔