سری نگر// پارم پورہ سرینگر کے قریب جمعہ کی سہ پہر ایک سڑک حادثے میں 25سالہ موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل بن گیاجبکہ اس دوران سرینگر کے راولپورہ علاقے میں جمعہ کو محکمہ بجلی کے3 ملازمین بجلی کا کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے ۔ موٹر سائیکل پرسوار 25سالہ نوجوان خالد گنائی ولد عبدالخالق گنائی ساکنہ مازہامہ بڈگام، پارم پورہ سر ی نگر ہائی وے کے قریب سڑک حادثے کا شکار ہوا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں علاج کیلئے نزدیک ہی واقع جے وی سی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے وہاںاُسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔اس دوران سرینگر کے راولپورہ علاقے میں جمعہ کو پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) کے3 ملازمین بجلی کا کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ بجلی کے 3 ملازمین راولپورہ علاقے میں سروس لائن کی مرمت کے دوران کرنٹ لگنے سے زخمی ہوگئے۔زخمی ملازمین کی شناخت نذیر احمد، طارق احمد اور غلام محمد کے نام سے ہوئی ،جنہیں فوری طور پر علاج کیلئے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیاگیا۔صدراسپتال سری نگرکے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کنو لجیت سنگھ نے بتایا کہ تینوں افراد کے ہاتھ اور پاوں میں زخم آئے ہیں۔اْنہوں نے بتایا کہ بجلی کا کرنٹ لگنے سے تینوں 18سے20فیصد جھلسے ہیں،تاہم ان کی حالت مستحکم ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔