عظمیٰ نیوز سروس
جموں// پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں جموں و کشمیر کے 2023-24 عبوری بجٹ اور 2024-25 کے نظر ثانی شدہ تخمینوں کے بلوں کو منظوری دی۔ 2023-24 کے ضمنی بجٹ اور 2024-25 کے لیے ووٹ آن اکانٹ پر دو تخصیصی بل مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے 5 فروری 2024 کو پیش کیے تھے۔لوک سبھا نے 6 اور 7 فروری کو بلوں پر غور کیا اور بدھ کو دونوں بلوں کو منظور کر لیا۔
صدر ہند کی منظوری کے بعد، ان بلوں پر پھر راجیہ سبھا نے غور کیا جس نے جمعرات کو انہیں منظوری دے دی۔یوٹی حکومت کے محکمہ خزانہ نے رواں سال کے ضمنی بجٹ اور اگلے مالی سال کیلئے عبوری بجٹ کے لیے دونوں بلوں کا مسودہ تیار کیا تھا۔ اس کے لیے، محکمہ نے جی ایس ٹی، موٹر اسپرٹ ٹیکس، ایکسائز، اور اسٹامپ ڈیوٹی سے حکومت کی آمدنی کی وصولیوں کا اندازہ لگایا ہے۔ مزید برآں، بجلی اور پانی کی فراہمی، کان کنی کی رائلٹی، لکڑی کی فروخت، صنعتی زمینوں سے سالانہ کرایہ وغیرہ سے نان ٹیکس ریونیو کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ حکومت کی اپنی آمدنی کا تخمینہ 20,867 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ حکومت نے مرکزی مالی امداد حاصل کرنے کے لیے حکومت ہند سے بھی مدد طلب کیا ہے۔ اس کے مطابق مرکزی حکومت نے 20 لاکھ کروڑروپے فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس مالی سال میں UT حکومت کو 41751.44 کروڑ روپے اور اگلے مالی سال میں 37277.74 کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔