عظمیٰ نیوز سروس
جموں //گزشتہ دنوں پارلیمنٹ سیکورٹی میں کی گئی کوتاہی کو لے کر ڈوگرہ فرنٹ اور شیو سینا کارکنوں نے جموں میں احتجاجی ریلی نکالی ۔اس دوران کارکنوں نے کہا کہ ملک کے ایک اہم ادارے کی سیکورٹی میں کوتاہی کی گئی جس کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔اس دوران اشوک گپتا نے کہاکہ پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی خلاف ورزی تکلیف دہ اور تشویشناک ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں اس پر اپوزیشن کے احتجاج کے درمیان اس مسئلہ پر کوئی جھگڑا نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ڈوگرہ فرنٹ اور شیو سینا کے کارکنوں نے صدر اشوک گپتا کی قیادت میں جموں شہر میں ایک ریلی نکالی جس میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ حملوں پر کوئی سیاست نہ کی جائے کیونکہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ دہلی پولیس نے سیکورٹی کی خلاف ورزی کی تحقیقات کے سلسلے میں اب تک چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی خلاف ورزی کے مبینہ کلیدی سازش کار للت جھا نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ اس گروپ کے چار ارکان نے اصل میں اپنی چوٹوں کو محدود کرنے کے لئے فائر ریٹارڈنٹ جیل لگانے کے بعد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر خود کو جلانے کی منصوبہ بندی کی تھی، لیکن انہیں چھوڑنا پڑا۔پارٹی صدراشوک گپتا نے مزید کہا کہ حملہ آوروں کو بے روزگار کہنا شرمناک ہے کیونکہ یہ ایک دہشت گردانہ حملہ تھا اور ایسے بدمعاش عناصر کا قوم کے نوجوانوں سے موازنہ قابل قبول نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر کسی کو ایسے معاملے پر جھگڑنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ پوری قوم کو ایسے واقعات کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔