پارلیمنٹ کامانسون سیشن | پہلگام و آپریشن سندور پر بحث آج

Towseef
4 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی //آج یعنی پیر کو لوک سبھا میں پہلگام ملی ٹینٹ حملے پر ہندوستان کے فوجی ردعمل پر ‘آپریشن سندورر’ پر خصوصی بحث ہوگی۔ افتتاحی ہفتہ کے بعد، پارلیمنٹ کا ایوان زیریں لوک سبھا کے ذریعہ جاری کردہ کاروباری نوٹس کی فہرست کے مطابق ملک کے مضبوط، کامیاب اور فیصلہ کن آپریشن سندور پر بحث کرنے کے لئے تیار ہے۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہفتے میں نائب صدر کے عہدے سے جگدیپ دھنکھر کے اچانک مستعفی ہونے کے ساتھ بڑی رکاوٹیں دیکھنے میں آئیں۔امکان ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پیر کو لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث شروع کریں گے۔ وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر اور نشی کانت دوبے کے بھی لوک سبھا میں ہونے والی بحث میں حصہ لینے کی امید ہے۔توقع ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا میں بحث میں مداخلت کریں گے۔ وہ راجیہ سبھا میں بحث میں بھی مداخلت کر سکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ منگل کو راجیہ سبھا میں آپریشن سندورر پر بحث شروع ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ راج ناتھ سنگھ اور ایس جے شنکر ان وزرا میں شامل ہوں گے جو راجیہ سبھا میں بحث میں حصہ لیں گے۔توقع ہے کہ ٹی ڈی پی کے لاو سری کرشنا دیورایالو اور جی ایم ہریش بالیوگی لوک سبھا میں او پی سندور پر بحث میں حصہ لیں گے۔ پارٹی کو 30 منٹ کا وقت دیا گیا ہے۔سماج وادی پارٹی کی طرف سے اس کے سربراہ اکھلیش یادو اور ایم پی راجیو رائے بحث میں حصہ لیں گے۔ مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے بتایا کہ آپریشن سندور پر 28 جولائی کو لوک سبھا میں 16 گھنٹے اور راجیہ سبھا میں 29 جولائی کو 16 گھنٹے بحث ہوگی۔ رجیجو نے نامہ نگاروں کو بتایا”تمام ایشوز پر ایک ساتھ بات نہیں کی جا سکتی، اپوزیشن نے کئی ایشوز اٹھائے ہیں، جیسے بہار میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) مشق اور دیگر، ہم نے انہیں بتایا ہے کہ آپریشن سندور پر پہلے بحث کی جائے گی۔ اس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے کہ کن ایشوز پر بات کرنی ہے‘‘۔ اپوزیشن جماعتیں پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہیں اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بار بار ان دعوئوں پر حکومت سے وضاحت طلب کی ہے کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کی ثالثی کی تھی۔اپوزیشن پارٹیاں بحث کے دوران پی ایم مودی کی موجودگی کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ چونکہ پی ایم مودی اس ہفتے دو ملکوں کے دورے پر بیرون ملک گئے تھے، اس لیے یہ بحث اگلے ہفتے طے کی گئی ہے۔اس کے علاوہ، مانسون سیشن کے دوسرے ہفتے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے انڈیا بلاک جماعتوں کے فلور لیڈر پیر کو صبح 10 بجے میٹنگ کریں گے، جس میں پیر کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں منگل کو آپریشن سندور پر بحث ہونے والی ہے۔

Share This Article